Shahroz Khan Anjum Introduction And Ghazals

Shahroz Khan Anjum Introduction And Ghazals

شہروز خان انجم صاحب کا تعارف اور کلام

تعارف
شہروز خان انجم صاحب بہت اچھے شاعر ہیں۔ آپکا آبائی شہر جوہر آباد ضلع خوشاب ہے اور آپ اسوقت بسلسہ روزگارلاہورمیں مقیم ہیں۔ شہروز خان انجم صاحب نے شاعری کا آغاز تقریباََ آٹھ ماہ پہلے کیا۔ آپکے پسندیدہ شعراء میں میرتقی میر، مرزا غالب، احمدفراز، مجید امجد، شکیب جلالی، جون ایلیا اور جمال احسانی شامل ہیں

آئیں شہروز خان انجم صاحب کو مزید انکے کلام کے ذریعے جانتے ہیں۔

Shahroz Khan Anjum Introduction And Ghazals

کب یہ طغیانیِ دوراں کی روانی سے ڈرا
یہ سمندر تو مری اشک فشانی سے ڈرا

کچی بستی کو تو دوزخ کے کہانی نہ سنا
اس کو سیلابِ بلاخیز کے پانی سے ڈرا

تجھکو منبر پے دلائل کی ضرورت کیا ہے
آڑ مسند کو بنا شعلہ بیانی سے ڈرا

اس سے پہلے کہ یہ محکوم زبانیں کھولیں
پھر سے قرآن اٹھا, چرب زبانی سے ڈرا

میرے کردار بغاوت پے اتر آئے تھے
مشتعل ہوتی ہوئی ایک کہانی سے ڈرا

باغ کے وسط میں اک دیکھ کے بھنورا انجم
ایک مالی تھا جو بیٹی کی جوانی سے ڈرا

شہروز خان انجم 
Shahroz Khan Anjum Introduction And Ghazals

عجب تاثیر ہے آوارگی کی
کہ حالت گھر میں بھی ہے بے گھری کی

ہوا جھنجھوڑ کر اک دیپ کی لو
مذمت کر رہی ہے روشنی کی

کیا روشن تری آنکھوں کو پہلے
پھران پر خوب اچھی شاعری کی

درون ِ ذات کوئی رو رہا ہے
مجھے آواز آتی ہے کسی کی

تو کیوں آکر وہ میرے پاس بیٹھا
یہ اجڑی شاخ کیوں پھر سے ہری کی

مرے کمرے کے سناٹوں سے اٹھتی
صدا کوئی تو سمجھے خامشی کی

دم رخصت گراں تھا بحث کرنا
سو اس سے بات جو کی سرسری کی

دراڑیں دوستی میں پڑ گئی ہیں
ضرورت پڑ رہی ہے ثالثی کی

یہی اعجاز ہے انجمؔ کہ میں نے
محبت ایک کی اور آخری کی

شہروز خان انجم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *