Naat e Mustafa Lyrics In Urdu | Naat e Rasool e Maqbool

Naat e Mustafa Lyrics In Urdu

ہدیہ نعت بحضور سرور کونیں خاتم الانیباء محمد مصطفی ﷺ پیش خدمت ہے۔

احمد وصال صاحب

سب سے ارفع ہے تری شان رسولِ عربی
تجھ پہ قربان میں قربان رسولِ عربی

جس نے کی تیری اطاعت ، ہوا وہ میرا مطیع
ہے مرے رب کا یہ فرمان، رسولِ عربی

کیا مبارک گھڑی وہ آئی تھی معراج کی شب
ہوئے اللہ کے مہمان ، رسول عربی

کوئی غم مجھ کو نہیں روزِ جزا کا ہوگا
میرے ہر دکھ کا ہے درمان ، رسولِ عربی

رب کی پہچان کرائی ہے محبت سے مجھے
مجھ پہ ہے آپ کا احسان ، رسولِ عربی

ملتا ہے درس محبت کا ہر آیت سے مجھے
پڑھتا ہوں جب بھی میں قرآن، رسولِ عربی

آپ کے نام یہی نعت اثاثہ ہے مرا
مری بخشش کا ہو سامان ، رسولِ عربی

دل میں اب اک ہی تمنا ہے مدینہ دیکھو
میں بنوں آپ کا مہمان ، رسولِ عربی

نام ہو میرا غلاموں میں اے آقا میرے
جب سجے حشر کا میدان ، رسول عربی

آپ یاسین ہیں طہ ہیں ، مزمل بھی ہیں
آپ کی مدح ہو ہر آن ، رسول عربی

سبز گنبد ہو نگاہوں میں پڑھوں نعت وصال
میں بھی تیرا بنوں حسان ، رسولِ عربی

افتخار راغبؔ صاحب

Naat e Mustafa Lyrics In Urdu

وہ خوش قسمت ہیں جن کو ہے ان کا نقشِ پا حاصل
ورنہ جینا مرنا سب کچھ لاحاصل ہے لاحاصل

ﷲ سے امّید لگائے عشقِ نبی میں غرق رہو
انشاءﷲ ہو جائے گا دیدارِ طیبہ حاصل

عقبیٰ کی کھیتی ہے دنیا، دنیا سے ہم کیوں بھاگیں
دین کی فصل اُگانے کو ہے ہم کو یہ دنیا حاصل

دینِ نبی پر جم جائیں تو پھر سے واپس مل جائے
جاہ و حشم کا سرمایہ جو پہلے ہم کو تھا حاصل

ان کی محبت ان کی اطاعت میں سرمست ہو دل راغبؔ
جنت کیا فردوسِ بریں میں ہوگا بڑا رتبہ حاصل

احمد وصال صاحب

Naat e Mustafa Lyrics In Urdu

شہرِ طیبہ سے ہو کے آ جاؤں
ہو کرم میری خستہ حالی پر

دل کی دھڑکن کا حال کیا ہوگا
ہو نظر جب سنہری جالی پر

پھول ہی پھول ہیں مدینہ میں
رشک آنے لگا ہے مالی پر

جس پر اللہ درود بھیجے ہے
ہو درود اس جناب عالی پر

کاندھوں پہ جو تھی میرے آقا کی
میں ہوں قربان کملی کالی پر

قصد میرا جو ہے مدینے کا
لے اڑائیں گے مجھ کو خالی پر

سن کے میلادِ مصطفی کا تو
“کھل رہا ہے گلاب ڈالی پر”

اس کے در کا گدا بنا ہوں میں
ہے کرم جس کا ہر سوالی پر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *