Mukhtar Talhari Interview By Usman Atis

Mukhtar Talhari Interview By Usman Atis

آن لائن اردو ڈاٹ کام کی جانب سے انٹرویو

مختار تلہری صاحب کا خوصوصی انٹرویو

انٹرویو: عثمان عاطسؔ

آن لائن اردو: اگر کچھ اپنی اوائل عمری کے باری میں بتانا مناسب سمجھیں تو؟
مختار تلہری: میری پیدائش 1فروری سن 1960 کو انڈیا کےصوبہ اترپردیس کے ضلع شاہجہانپور کے قصبہ تلہر موضع ڈبھورا میں ایک معزز اور مہذب خاندان میں ہوئی اور وہیں تعلیم و تربیت حاصل کی۔
آن لائن اردو: آپ کا نام اور قلمی نام ؟ نیز اس قلمی نام رکھنے کی کوئی خاص وجہ؟
مختار تلہری: میرے والدِ بزرگوار کا نام الحاج عظیم اللہ انصاری تھا انہوں نے میرا نام مختار احمد انصاری رکھا قلمی نام کیلئے بدلنے کی ضرورت محسوس نہ کی لہٰذا تخلص کے طور پر بھی مختار ہی پسند آیا اور کوئی وجہ نہیں حلقہِ اربابِ سخن میں مختار تلہری کے نام سے پہچانا جاتا ہوں۔

آن لائن اردو: آپ نے لکھنا کب شروع کیا؟ نیزپہلی تحریر کیا تھی؟ اور آپ کی پہلی تحریر کب اور کہاں شائع ہوئی؟
مختار تلہری: میری شاعری کا آغاز 1981عیسوی میں نعت گوئی سے ہوا اس کے بعد غزلیات رباعیات وغیرہ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ یہ تو دھیان نہیں ہے کہ سب سے پہلے کب اور کہاں شائع ہوئی البتہ یہ ضرور ہے کہ شروع شروع میں چھپنے کا بہت شوق تھا ہندوستان کے متعدد رسائل میں غزلیں اور نعتیں شائع ہوئیں۔

آن لائن اردو: آپکی کوئی تصنیف؟ برکی کتب ویب سائٹ، بلاک وغیرہ؟
مختار تلہری: پہلا مجموعہ 1998 میں، شہبازِ قلم۔ کے نام سے شائع ہوا جو غزلیات پر مشتمل ہے۔ دوسرا نعتیہ مجموعہ سن 2000 میں، پرتوِ نور.. لے نام سے شائع ہوا اسطرح 2 مجموعہِ کلام منظرِ عام پر آ چکے ہیں فی الوقت تقریباً 2000 تخلیقات موجود ہیں جو کسی وجہ سے شائع کرنے سے قاصر ہوں۔

Mukhtar Talhari Interview By Usman Atis

آن لائن اردو: ان اساتذہ کا نام جن سے آپ اصلاح لیتے ہوں؟
مختار تلہری: ابتدا میں محترم عبدالحمید عشرت تلہری سے اصلاح لیتا رہا ان کے بعد آبروئے غزل محترم طاہر تلہری صاحب باقائدہ اصلاح لیتا رہا۔ جنہوں نے بڑی جانفشانی سے میری تربیت کی موصوف کے انتقال کے بعد تمام استاد بھائیوں نے اصلاحی کام کیلئے مجھ ناچیز کو چن لیا تب سے مزید خدمتِ ادب کرنے کا جذبہ پیدا ہوا جو ابھی تک برقرار ہے۔
آن لائن اردو: آپکو لکھنے کے لئے کون سا وقت، کون سی جگہ پسند ہے، اور کیوں؟
مختار تلہری: شاعری کے لئے کسی مخصوص جگہ یا وقت کی ضرورت نہیں ہوتی۔

آن لائن اردو: کون سی تحریر لکھنا چاہتے ہیں لیکن ابھی تک لکھ نہیں پائے ؟
مختار تلہری: ایسا کوئی ذہن میں خاکہ نہیں ہے جو لکھنا چاہتے ہوں اور لکھ نہ سکے ہوں
آن لائن اردو: آپ ماحول بنا کر سوچ سمجھ کر لکھتے ہیں یا شاعری کی طرح خیالات کی آمد ہوتی رہتی ہے؟
مختار تلہری: میں صرف شاعری ہی کرتا ہوں وقتاً فوقتاً نثر پر قلم فرسائی ہوپاتی ہے کسی نہ کسی موضوع پر ماحول سب کے لئے بنانا پڑتا ہے۔

آن لائن اردو: کیا شاعری کے لئے محبت یا غم کا ہونا ضروری ہے؟ نیز کیا آپ نے کبھی محبت کی ہے؟
مختار تلہری: ایسا کچھ نہیں ہے کہ محبت یا غم شاعری کے لئے ضروری ہو اگر ایسا ہوتا تو جس شخص کے ساتھ مذکورہ دونوں چیزیں ہیں وہ شاعر ہوتا یا ہر شاعر ان چیزوں کا شکار ہوتا، اب رہا سوال محبت کا اسکے جواب میں یہی عرض کرونگا کہ محبت ہر دل میں ہوتی ہے محبت کی بیشمار اقسام ہیں۔
آن لائن اردو: کوئی ایسی کتاب جو آپ چاہتے ہوں کہ سب کو پڑھنی چاہیئے؟
مختار تلہری: وہ صرف ایک کتاب ہے قرآنِ پاک۔

آن لائن اردو: اپنے کلام میں سے اپنا پسندیدہ کلام ( کوئی شعر، نظم یا غزل) جو آن لائن اردو کے قارئین کی بصارتوں کی نذز کرنا چاہیں؟

مختار تلہری: اپنی پسندیدہ

حق بیانی کا اسے کیا خوب نذرانہ ملا
شہر سے باہر نکل جانے کا پروانہ ملا

اس کو سب نے محترم ہر دور میں مانا جسے
ذہن شاہانہ ملا اور دل فقیرانہ ملا

اشک آنکھوں سےچھلک آئےخوشی کے.. جب کبھی
اجنبی بستی میں کوئی جانا پہچانا ملا

یوں تو فقرہ فقرہ زہرآلود تھا اسکا مگر
غور سے دیکھا تو ہر جملہ حکیمانہ ملا

اسکے بارے میں مری تحقیق ناکافی سی ہے
دل خدا جانے مگر چہرہ شریفانہ ملا

اکثر انکی یاد کا مختار ہوتا ہے کرم
رات پھر آنکھوں کو اک اک اور دُردانہ ملا

Mukhtar Talhari Interview By Usman Atis

آن لائن اردو: کن شعراء سے متاثر ہیں؟ نئے اور پرانے آپکے پسندیدہ شاعر کون سے ہیں؟
مختار تلہری: علامہ اقبال، مرزااسداللہ خاں غالب، داغ دہلوی، فیض احمد فیض، پروین شاکر، منتخب احمد خاں، نور ککرالوی، بشیر بدر اور بھی کچھ نام ہیں طوالت کے مدنظر اتنے پر ہی اکتفا کررہا ہوں۔
آن لائن اردو: نئے لکهنے والوں کو کیا مشورہ دینا چاہیں گے؟
مختار تلہری: شعر کم کہیں مطالعہ زیادہ کریں
آن لائن اردو: کسی ادبی گروہ سے وابستگی ؟
مختار تلہری: بزم ارباب سخن تلہرمیں بہ حیثیت ناظم، بزم میر سوز تلہر کا سرپرست اور بزم نورالادب بریلی میں بہ حیثیت ناظم و خازن
آن لائن اردو: اردو ادب کی ترویح و ترقی کے لیے جو کام ہو رہا ہے کیا آپ اس سے مطمئن ہیں؟
مختار تلہری: 100
آن لائن اردو: آن لائن اردو ڈاٹ کام اردو ادب کے لئے جو کام کر رہی ہے آپکی نظر میں کیسا ہے؟
مختار تلہری: بہت اچھا ہے اللہ مزید ذوق و شوق عطا فرمائے…. آمین

بہت شکریہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *