سعودی دارالحکومت ریاض میں یومِ دفاع پاکستان کی تقریب، جنرل (ر) راحیل شریف کی خصوصی شرکت




ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو کشمیر ایشو پر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلایا جا سکے بھارت کرفیو کی آڑ میں انسانیت سوز مظالم کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار سفیرِ پاکستان نے دارالحکومت ریاض میں یومِ دفاع پاکستان کی تقریب کے دوران کیا تقریب میں جہاں دنیا کے مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی وہیں پر اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف بھی شریک تھے

اس موقع پر پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے گھروں میں قید کئے ہوئے ہے اور کرفیو کی آڑ میں نہتے نوجوانوں اور عورتوں پر ظلم کر رہا ہے اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے علاقوں پر بھی بھارتی افواج گولہ باری کرکے قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچا رہی ہے بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے اس لئے اقوام عالم کو آگے بڑھ کر کشمیریوں کو انصاف دلانے کی ضرورت ہے پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے پاکستانی مسلح افواج تربیت یافتہ اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے جس نے ہمیشہ ہر امتحان میں خود کو قوم کے سامنے سرخرو کیا ہے پاک فوج نے جس طرح ضربِ عضب اور ردالفساد جیسے آپریشن کرکے دہشت گردی سے ملک کو پاک کیا ہے اسکی مثال نہیں ملتی

تقریب سے سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ہارون اسحاق راجہ نے کہا کہ پاکستانی بحریہ،  فضائیہ اور بری فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اس نے ہمیشہ ہر میدان میں کامیابی کو حاصل کیا ہے پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلخانہ یقیناََ لائقِ تحسین ہیں جنہوں نے وطن کی مٹی کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا اور وطن پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دی پاک فوج دنیا کے امن دستوں میں بھی شریک ہے جس کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دنیا باخوبی واقف ہے اور اس کے کام کو سراہتی بھی ہے پاک آرمی پاکستان کے دفاع کو ہر صورت یقینی بنائے گی تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز اور ملٹری اتاشی کے ہمراہ کیک بھی کاٹا تقریب میں پاک سعودی قومی ترانے بھی بجائے گئے اور دونوں ممالک کی مثالی دوستی کو بھی سراہا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *