پاکستان فورم کے زیرِاہتمام یومِ آزادی پاکستان اور یکجہتی کشمیر تقریب منعقد کی گئی




ِدمام (وقار نسیم وامق) پاکستان فورم کے زیرِاہتمام 14اگست کی مناسبت سے یومِ آزادی پاکستان اورکشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا،  تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز تھے، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف بھی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان فورم کے صدر جناب محمد یعقوب سیفی اور کشمیر فورم کے پیٹرن انچیف  جناب رفعت رشید عباسی  نے سفیرِ محترم راجہ علی اعجاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں پروفیسرز، ڈاکٹرز، کاروباری حضرات، سیاسی قائدین، انجنئیرز اور فنانس و مینجمنٹ کے فیلڈ سے تعلق رکھنے والے شامل تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر زاہد آرائیں نے تذکیر بالقرآن سے کیا جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر واصف نے سرانجام دئیے۔

سجاد کھوسہ نے یومِ آزادی پاکستان اور کشمیر کی موجودہ صورت حال کی مناسبت سے اظہارِ خیال کیا جبکہ مسئلہ کشمیر تاریخ امکانات و خدشات کے موضوع پر “دوبدو” کے نام سے ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیری ، بھارتی اور پاکستانی مندوبین نے اپنا اپنا موقف حاضرین کے سامنے رکھا جسے شرکاء نے مسئلہ کےمختلف پہلوؤں سے آگاہی حاصل ہونے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس کاوش کو سراہا، اس موقع پر ثاقب ادریس نے ملی ترانہ پیش کیا۔

کشمیر فورم کے پیٹرن انچیف رفعت رشید عباسی نے شرکاء سے پرجوش اور مدلل انداز میں خطاب کیا اور مسئلہ کشمیر اور خطے کی موجودہ صورتِ حال سے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔

سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان فورم کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ فورم اس طرز کے بھرپور پروگرامات کا انعقاد کرتا رہے گا، انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، کشمیر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں پر بدترین ظلم و ستم کر رہا ہے کشمیریوں کو مسلسل گھروں میں قید رکھے ہوئے ہے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے منصوبے بنا رہا ہے مگر وہ کبھی بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گا پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کا مقدمہ لڑتی رہے گی۔

تقریب کے آخر میں صدر پاکستان فورم محمد یعقوب سیفی نے سفیرِ محترم راجہ علی اعجاز اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، پروگرام میں شریک تمام مکتبہ فکر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے تمام احباب کا یکجا ہونا وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے سعودی عرب کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانیوں کو یومِ آزادی منانے اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کا موقع فراہم کیا، تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *