جدہ میں پاکستان قونصلیٹ نے یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا




جدہ (وقار نسیم وامق) جدہ میں پاکستان قونصلیٹ نے یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستان کے قونصل جنرل جناب شہریار اکبر خان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ ساتھ پاکستانی جھنڈے کو سر بلند کیا. اس موقع پر پاک فوج کا ایک چاق و چوبند دستہ بھی موجود تھا۔ اس تقریب میں پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بعد ازاں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی سربراہی میں ایک علیحدہ وطن کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں ھم آج آزاد اور پروقار زندگی گزار رہے ہیں
قونصل جنرل نے سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی میں پاکستانی برادری کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں آباد پاکستانی دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کا باعث ہیں. انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان سے سعودی عرب کے ساتھ دوستی کا ایک نیا دورکا آغاز ہوا ہے
قونصل جنرل نے کہا کہ کشمیر میں حالیہ واقعات نے کشمیر اور کشمیریوں کے خلاف بھارتی تعصب کو بے نقاب کیا ہے۔ ہندوستانی عمل نے علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کو تمام سفارتی اور اخلاقی مدد فراہم کریں گے۔

قونصل جنرل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کی اور انہیں دونوں ممالک کی ترقی میں اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اس سے قبل محترمہ فوزیہ (قونصل) اور ماجد میمن (قونصل) نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان 14 اگست کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *