اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔ راجہ اعجاز علی




اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔ راجہ اعجاز علی

ریاض ( سلیمان جاذب سے ) اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ملک کے طول و عرض میں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے اس کے علاوہ جہاں جہاں پاکستانی ہجرت کر کے گئے وہاں اردو بھی ان کے ساتھ رہی اور یوں اردو کی نئی بستیاں بسیں جو کہ خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ اعجاز علی نے حلقہ ءفکر و فن کے اراکین سے خصوصی گفتگو میں کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاض سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں میں اردو پر بہت کا م ہو رہا ہے اور ادبی تنظیمیں اردو کی ترویج و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ناصرف ہمارے سینئر بلکہ نئی نسل میں بھی اردو سے محبت پروان چڑھ رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ اب اردو کا مستقبل محفوظ ہے اور سوشل میڈیا اور دیگر سہولیات کے باوجود ادب سے محبت کرنے والوں کی تعداد میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو رہا ہے ۔
اس موقع پر حلقہ فکرو فن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے سفیر پاکستان کو ریاض میں مقیم ادیبوں اور شعراءکے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور ادب کے حوالے سے جاری کاوشوں کے بارے میں تفصیلات بھی بتائیں ۔ حلقہءفکروفن کے سیکرٹری جنرل وقار نسیم وامق نے سفیر پاکستان راجہ اعجاز علی کو حلقہ ءفکروفن کی تاریخ اور ماضی میں کئے گئے کاموں کے بارے میں بتایا اور آئندہ دنوں میں حلقہ کی طرف سے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور سعودی عرب میں شعر و ادب کے فروغ اور اس ضمن میں حلقہ فکروفن کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا علاوہ ازیں مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز نے حلقہء فکروفن کی علمی و ادبی سرگرمیوں کو سراہا اور سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے علم و ادب کے فروغ کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ حلقہءفکروفن کے نمائندہ وفد نے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی قیادت میں سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز سے خصوصی ملاقات کی،  اس نمائندہ وفد میں سیکرٹری جنرل وقار نسیم وامق اور سیکرٹری نشرواشاعت عابد شمعون چاند شامل تھے۔
حلقہءفکروفن کے نمائندہ وفد نے سفیرِ پاکستان کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *