متحدہ عرب امارات نے پاکستان کوانسداد پولیو کے 407 ملین قطرے فراہم کئے




ابوظبی، ۔۔ امارات انسداد پولیو مہم کے تحت 2014 سے اپریل 2019 کے اختتام تک پاکستان کو 71 ملین سے زیادہ بچوں کیلئے پولیو ویکسین کے 407 ملین سے زائد قطرے فراہم کئے گئے.

متحدہ عرب امارات۔پاکستان امدادی پروگرام (UAEPAP) کے مطابق یہ امداد صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی ہدایات، ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈرشیخ محمد بن زاید آل نھیان کی حمایت اور نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید آل نھیان کی نگرانی میں فراہم کی گئی تاکہ پاکستان میں اس بیماری سے بچنے کیلئے جاری حفاظتی پروگراموں کو مضبوط بنایا جاسکے.

UAEPAP انتظامیہ کے مطابق 2011 سےشیخ محمد بن زاید پولیو وائرس کے خاتمے کی عالمی کوششوں خاص طور پر پاکستان اور افغانستان کے لئے 167 ملین ڈالر عطیہ کرچکے ہیں.

UAEPAP کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفیلی نے پچھلے سالوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ویکسین مہم کے تحت 2014 سے اپریل 2019 تک پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے انسداد پولیو کی 407ملین 440 ہزار اور 930 خوراکیں فراہم کی گئیں جن سے71 ملین سے زائد بچے مستفید ہوئے.

اس مہم پر پاکستان کے مختلف علاقوں میں 97 ہزار انسداد پولیو ورکرز، ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت 25،000 سے زائد سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے عملدرآمد کیا گیاہے.

انسداد پولیو کی تمام مہمات پاکستان آرمی، یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سروسزآف پاکستان، صحت کی صوبائی وزارتوں اور بل اور ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے کی گئیں.

عبد اللہ خلیفہ الغفیلی نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے انسداد پولیو کی مہم کے لئے بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کی تعریف کی۔ انھوں نے دنیا بھر میں پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے شیخ محمد کی کاوشوں میں سٹرٹیجک شراکت داری پر فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا.

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر اعداد و شمار کے مطابق 2014 میں 9 ممالک میں پولیو کیسسز کی تعداد 359 تھی جو کم ہوکر 2018 میں 33 ہوگئی ہے ۔ ان میں سے 12 کیس پاکستان جبکہ باقی کے 21 افغانستان میں ہیں.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *