ریکارڈمہنگائی دوگنا ،قرضے 28 ہزار ارب




اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عید کے بعد حکومت گرانی پڑی تو گرائینگے ۔پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اورن لیگ کے سینئرنائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے سامنے رکھیں کہ پچھلے ایک سال میں معیشت کے ساتھ کیا ہو ا، ایک سال کے دوران روپے کی قدر 27 فیصد کم ہوئی جوایک ریکارڈ ہے ۔ 9 ماہ میں قرضے 28 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے اور مہنگائی دگنی ہو گئی، ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں افراط زر میں اتنا زیادہ اضافہ کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں20 فیصد اور گیس کی قیمت میں 143 فیصد تک اضافہ ہوا، افراط زر کی شرح میں 7.5فیصد اضافہ ہو چکا ، مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں 9.2 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح مہنگائی کی شرح بڑھتی رہی تو 2020 میں12 فیصد تک پہنچ جائے گی۔سابق وزیراعظم نے کہا حکومت کی آمدن میں 400 سے 500 ارب کمی متوقع ہے ، رواں مالی سال ٹیکس ریونیو 4 ہزار ارب روپے رہے گا ،اندرونی قرضے 28 ہزار 600 ارب جبکہ بیرونی قرضے 80 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ، شرح نمو کم ہو کر3 فیصد رہ گئی۔ جتنے قرضے 72 سال میں لئے گئے حکومت 5 سال میں ہی لے لے گی۔انہوں نے کہا عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں سچ بولنے کی عادت نہیں اور ہمیں ان سے سچ کی توقع بھی نہیں ۔ لازم ہو چکا ہے کہ حکومت کیخلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں، حکومت کو گرانا پڑا تو گرائیں گے ۔ اگرہم مصنوعی طریقے سے حکومت چلارہے تھے تویہ بھی چلالیں، ہماری حکومت میں حالات بہترتھے ، ہم حصول اقتدارکی جنگ نہیں لڑرہے ، سلیکٹڈ حکومت کا تجربہ ناکام ہوچکا ہے ۔ وزیرخزانہ بتائیں نیا کاروبار کرنیوالا کیسے کاروبار کریگا۔




Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *